بنگلورو،25؍دسمبر(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے آبی وسائل ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ تینا ہولے پراجکٹ کے ذریعے پینے کے پانی کی فراہمی کا سلسلہ 2022-23 کے دوران اس پراجکٹ کی تکمیل کے ذریعے شروع ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس پراجکٹ کا پہلا مرحلہ تکمیل کے قریب ہے، 2019میں تجرباتی طور پر یہاں سے پانی کا بہاؤ شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ ہیسر گٹہ تالاب کو یتنا ہولے پراجکٹ کے ذریعے0.8 ٹی ایم سی فیٹ پانی مہیا کرانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ یتناہولے پراجکٹ کے پہلے مرحلے کو پانچ پیکیجوں کے ذریعے 2014میں شروع کیا گیا ، اب تک اس پراجکٹ کے لئے 3627 کروڑ روپے جاری کئے گئے ہیں۔ مکمل پراجکٹ تیار ہونے پر یہاں جمع ہونے والے8.96 ٹی ایم سی فیٹ پانی کے ذریعے کولار، چکبالاپور، بنگلور رورل ، رام نگرم، ٹمکور ، ہاسن، اور چکمگلور اضلاع کے 527 چھوٹے آبپاشی پراجکٹوں کو 50 فیصد پانی مہیا کرایا جاسکے گا۔